(سعید احمد سعید) کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان ریلوے پولیس کے مینیل سٹاف کے لئے تین ہزار روپے کی اضافی گرانٹ کا فیصلہ کرلیا گیا.
سینٹرل پولیس آفیس ریلوے کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق انسداد کورونا وائرس کے اقدامات کے لیے مینیل سٹاف کے لئے تنخواہ کے ساتھ تین ہزار روپے کی اضافی گرانٹ دی جائے گی،اس سلسلے میں ریلوے پولیس کی تمام ڈویژن کو سنٹرل پولیس آفس ریلوے لاہور سے مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے.
گریڈ 1سے گریڈ 4 تک کے ملازمین کو تین ہزار روپے اضافی دئیے جائیں گے، ریلوے پولیس کی تمام ڈویژنوں کے مینیل سٹاف جسمیں لانگری، قاصد، نائب قاصد، ماشکی اورخاکروب شامل ہیں کو ریلوے پولیس ویلفئیر فنڈ سے تین ہزارروپے فی کس فوری طور پرجاری کئے جائیں تاکہ وہ اس مشکل وقت میں اپنی فیملیز کے لئے اشیاء خورونوش و دیگر ضروری سامان خرید سکیں.
اس موقع پر ایکٹنگ آئی جی ریلوے پولیس اظہررشید خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پیش نظرملک بھر میں نازک صورتحال ہے لیکن ریلوے پولیس کے جوان ملک بھر میں پھیلے ہوئے ریلوے انفراسٹرکچر کو سکیورٹی فراہم کررہے ہیں، اور اپنی ڈیوٹی فرض شناسی سے ادا کر رہے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے پولیس ملازمین کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنی جان کی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں اور دوران ڈیوٹی ماسک اور گلووز کا استعمال لازمی طور پر کریں۔