(جنید ریاض) اساتذہ کیلئے بڑی خوشخبری، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اساتذہ کے باہمی تبادلوں پر عائد پابندی ختم کردی۔
ذرائع کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اساتذہ کے انتظامی ، ویڈ لاک اور ہارڈ شپ کی بنیادوں پر تبادلوں سے پابندی اٹھالی، اساتذہ سے تبادلوں کیلئے آج سے آن لائن درخواستیں وصول کی جائیں گی، اساتذہ باہمی تبادلوں ، انتظامی ، ویڈ لاک اور ہارڈ شپ کی بنیادوں پر تبادلے کیلئے اپلائی کرسکیں گے، 15 نومبر کے بعداساتذہ کے تبادلوں کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔
دوسری جانب محکمہ سکول ایجوکیشن نے اساتذہ کی بھرتی کے حوالے سے پالیسی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، آئندہ اساتذہ کی بھرتی مستقل بنیادوں کی بجائے عارضی طور پر کی جائے گی، صوبہ بھر کے سکولوں میں اس وقت 70 ہزار اساتذہ کی فوری ضرورت ہے۔ اساتذہ کی نئی بھرتیاں صرف ایک سے دو سال کے کنٹریکٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی، خراب کارکردگی پر اساتذہ کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں ہزاروں اساتذہ کی انکوائریاں زیر التواء ہیں، جس کے باعث اساتذہ کی ترقیاں، انکریمنٹ اور ایڈجسٹمنٹ بھی نہ ہوسکیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے اساتذہ کی انکوائریاں بروقت نمٹانے کیلئے افسران کو تربیت دینےکا فیصلہ کرلیا، آن لائن تربیت قائداعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ کے تحت دی جائے گی۔
علاوہ ازیں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ناقص محکمانہ پالیسیوں کے سبب صوبہ بھر میں پچیس ہزار سے زائد اساتذہ نے حکومتی پالیسوں سے تنگ آکر قبل از وقت ریٹائرمنٹ کیلئے درخواستیں جمع کرادیں، پی ٹی آئی کے دو سالہ دور حکومت میں 25 ہزار سے زائد اساتذہ نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواستیں جمع کرائی تھیں۔