جنید ریاض: محکمہ تعلیم میں ایک عہدے پر مسلسل تین سال مدمت پوری کرنیوالے 255 افسران کو فوری طور پر تبدیل کرنے کا فیصلہ، مذکورہ افسران کی تبدیلی و تعیناتی کیلئے سمریاں بھی تیار کرلی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن میں مسلسل تین سال یا اس سے زائد عرصہ سے ایک عہدے پر تعینات رہنے والے 255 افسران کو فوری طور پر تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تین سالہ مدت ملازمت پوری کرنیوالےافسران کی تبدیلی کیلئے بھی سمریاں تیار کرلی گئی ہیں۔ مذکورہ افسران نے نئی جگہ تعیناتیوں کیلئے سیاسی طور پر بھاگ دوڑ شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور سے ڈی پی آئی سکینڈری پنجاب سید ممتاز شاہ کی جگہ ذوالفقار علی بھٹی کو تعینات کرنے کی سمری بھیجی گئی ہے۔ دوسری جانب ڈائریکٹرپنجاب روبینہ عباس کی جگہ طاہرہ شفیق چشتی کی تعیناتی کی سمری وزیر اعلی کو ارسال کی گئی ہے۔ مذکورہ 255 افسران کےتبادلے و تعیناتیاں آئندہ ہفتہ میں مکمل کرلی جائیں گی۔