اسرار خان: پنجاب پولیس نے پتنگ سازی، پتنگ فروشی اور پتنگ بازی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کی تفصیلات جاری کر دیں، جس کے تحت رواں سال صوبے بھر میں کائٹ فلائنگ ایکٹ کے 7,630 مقدمات درج کیے گئے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق کارروائیوں کے دوران 6,625 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں پتنگیں، ڈور اور پتنگ سازی کا خام مال برآمد کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق لاہور ریجن میں 3,114 اور شیخوپورہ ریجن میں 1,408 مقدمات درج کیے گئے۔ گوجرانوالہ ریجن میں 677، گجرات ریجن میں 236، راولپنڈی ریجن میں 944 اور سرگودھا ریجن میں 283 مقدمات کا اندراج ہوا۔
اسی طرح فیصل آباد ریجن میں 405، ملتان ریجن میں 231، ساہیوال ریجن میں 284، ڈیرہ غازی خان ریجن میں 13 جبکہ بہاولپور ریجن میں 35 مقدمات درج کیے گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے پتنگ سازی، پتنگ فروشی اور پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔