عابد چودھری: صوبائی دارالحکومت لاہور کے تمام ناکہ جات پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
ایس پی موبائلز بلال احمد نے مختلف ناکہ جات کا سرپرائز دورہ کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق ایس پی موبائلز نے ناکہ گجومتہ سمیت دیگر اہم ناکہ جات کو اچانک چیک کیا اور ڈیوٹی پر موجود افسران و جوانوں کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر بلال احمد نے جوانوں سے ملاقات کی اور ناکہ انچارجز کو سکیورٹی امور کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے ناکہ جات پر تعینات جوان عزم اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ایس پی موبائلز نے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے ساتھ ناکہ جات سے گزرنے والے شہریوں سے بھی گفتگو کی اور اہلکاروں کے رویے کے بارے میں استفسار کیا۔ انہوں نے جوانوں کے ہمراہ ای پولیس ایپ کا عملی استعمال بھی چیک کیا۔
بلال احمد نے ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر مامور تمام افسران اور اہلکار شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور "پہلے سلام، پھر کلام" کی پالیسی پر عمل کریں۔ انہوں نے مشکوک افراد کا ڈیٹا ای پولیس ایپ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ چیک کرنے کی بھی ہدایت دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ناکہ اور فیلڈ میں موجود تمام اہلکار، بشمول انچارجز، بلٹ پروف جیکٹس کا استعمال یقینی بنائیں، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر گاڑیوں کی مؤثر چیکنگ جاری رکھی جائے۔ ایس پی موبائلز کے مطابق ناکہ جات پر مورچوں میں تعینات جوان مکمل اسلحہ کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔