ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

حج کے دوران سب سے زیادہ کس چیز نے تھکا دیا؟ وسیم اکرم کا دلچسپ انکشاف

حج کے دوران سب سے زیادہ کس چیز نے تھکا دیا؟ وسیم اکرم کا دلچسپ انکشاف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے حج کی ادائیگی کے دوران پیش آنے والے اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں مناسک حج سے زیادہ سیلفیوں نے تھکا دیا۔

وسیم اکرم نے رواں سال سابق قومی کپتان مصباح الحق اور معروف ٹی وی میزبان فخر عالم کے ہمراہ حج کی سعادت حاصل کی۔ اس دوران ان کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔

اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں فخر عالم نے وسیم اکرم سے ذیابیطس کے مریض ہونے کے باوجود حج کے دوران پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں سوال کیا، جس پر سابق کپتان نے تفصیلی جواب دیا۔

وسیم اکرم نے بتایا کہ وہ اپنی فریز شدہ انسولین ساتھ لے کر گئے تھے جو تقریباً 24 گھنٹے تک قابل استعمال رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں حج مشکل نہیں تھا کیونکہ انسان عبادت کی نیت سے وہاں جاتا ہے اور ہر مسلمان کے لیے زندگی میں ایک بار حج کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں مناسک حج کے دوران سب سے زیادہ سیلفیوں نے تھکایا۔ "میں معذرت چاہتا ہوں، مجھے لوگوں کی محبت سے کوئی شکایت نہیں، لیکن منیٰ میں نماز کے بعد بھی سات افراد تصاویر بنوانے کے لیے انتظار کر رہے تھے۔"

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ حج ان کی زندگی کے بہترین تجربات میں سے ایک رہا اور انہوں نے اس مقدس سفر کے دوران پوری امت اور اپنے چاہنے والوں کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

وسیم اکرم کے اس بیان کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی خوب سراہا جا رہا ہے، جہاں مداح ان کے حج کے تجربات میں دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔