ویب ڈیسک:نئے اسلامی سال کے آغاز کے حوالے سے رویت ہلال ریسرچ کونسل نے محرم الحرام 1448 ہجری کے چاند کی متوقع رویت کے بارے میں اپنی تحقیقاتی رائے جاری کر دی ہے۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نیا چاند 15 جون 2026 کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہوگا، تاہم اسی روز شام کے وقت اس کی عمر رویت کے لیے درکار حد سے کم ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ 15 جون کو غروب آفتاب کے وقت پاکستان کے مختلف شہروں میں چاند کی عمر 12 گھنٹے سے بھی کم ہوگی، جبکہ عام طور پر ہلال کے واضح مشاہدے کے لیے چاند کی عمر 18 گھنٹے یا اس سے زیادہ ہونا ضروری تصور کی جاتی ہے۔
ان کے مطابق کراچی میں غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان تقریباً 37 منٹ جبکہ پشاور میں 42 منٹ کا فرق ہوگا، لیکن کم عمر ہونے کے باعث چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کا کہنا ہے کہ چاند کی عمر 18 گھنٹے سے کم ہونے کی وجہ سے صاف موسم میں بھی 15 جون کی شام ہلال کی رویت ننگی آنکھ، دوربین یا ٹیلی اسکوپ کے ذریعے ممکن نہیں ہوگی۔
تحقیقی اندازوں کے مطابق ذوالحجہ 1447 ہجری کے 30 دن مکمل ہونے پر یکم محرم الحرام 1448 ہجری بدھ 17 جون 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔
تاہم کونسل نے واضح کیا ہے کہ نئے اسلامی سال کے آغاز اور محرم الحرام کے چاند کی رویت کا باضابطہ اور شرعی اعلان مرکزی رویت ہلال کونسل کی جانب سے کیا جائے گا۔