عابد چوہدری: ڈیفنس سی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی چوری میں ملوث گھریلو ملازمہ سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون صائمہ کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں گھر سے قیمتی سامان اور نقدی چوری ہونے کی شکایت کی گئی تھی۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس پی کینٹ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک سونپا۔
ایس پی کینٹ کی ہدایت پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ایس ایچ او ڈیفنس سی فریاد اشرف نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے گھریلو ملازم اعجاز، منورہ اور حمزہ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور چوری شدہ مال کی برآمدگی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ایس پی کینٹ نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او ڈیفنس سی فریاد اشرف اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ان کی پیشہ وارانہ کارکردگی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔