ثمرہ فاطمہ: آسمان سے دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے آج ایک منفرد فلکیاتی منظر دیکھنے کو ملے گا، جب مئی 2026 کا دوسرا مکمل چاند افق پر نمودار ہوگا جسے " بلو مون" کہا جاتا ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق مئی کے مہینے میں یکم مئی کو پہلا مکمل چاند طلوع ہوا تھا جبکہ دوسرا مکمل چاند آج رات آسمان پر نظر آئے گا۔ ایک ہی مہینے میں دو مکمل چاندوں کا ظاہر ہونا ایک غیر معمولی فلکیاتی واقعہ تصور کیا جاتا ہے، اسی لیے دوسرے مکمل چاند کو بلو مون کا نام دیا جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بلو مون مشرقی سمت سے طلوع ہوگا اور آسمان میں معمول کے مقابلے میں قدرے نیچے دکھائی دے گا۔ یہ چاند ورگو نامی ستاروں کے جھرمٹ کے بالکل دائیں جانب دیکھا جا سکے گا، جس سے شائقین فلکیات کے لیے اس کی شناخت مزید آسان ہو جائے گی۔
فلکیاتی ماہرین کے مطابق سال 2026 کے دوران مجموعی طور پر 13 مکمل چاند دیکھے جائیں گے، جبکہ بلو مون جیسے واقعات نسبتاً کم رونما ہوتے ہیں اور اسی وجہ سے دنیا بھر میں ان پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ صاف موسم اور کھلے آسمان کی صورت میں آج رات اس نایاب فلکیاتی منظر کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔