عابد چودھری: لاہور پولیس کے ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ ( پی آریو) نے ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے دوران متعدد ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایس پی ڈولفن بلال احمد کے مطابق ڈولفن سکواڈ نے دو خطرناک ڈکیت گینگز کو گرفتار کیا، جبکہ دورانِ پٹرولنگ 8 اشتہاری ملزمان، 98 عادی مجرمان اور 3 عدالتی مفروروں کو بھی حراست میں لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 پستول، گولیاں اور میگزینز برآمد کیے گئے۔ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 32 بوتلیں شراب، چرس اور آئس بھی برآمد کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق 12 مشکوک گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو تھانوں میں بند کیا گیا، جبکہ مختلف خلاف ورزیوں پر 122 افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ایس پی ڈولفن کا کہنا ہے کہ ون ویلنگ اور پتنگ بازی کے خلاف جاری مہم کے دوران 11 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کمیونٹی پولیسنگ کے تحت مختلف نوعیت کے واقعات میں 87 سے زائد شہریوں کو بروقت ریسکیو اور مدد فراہم کی گئی، جبکہ جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔