عابد چوہدری: ایس پی سٹی عاطف امیر نے ڈویژن کے اہم گرجا گھروں کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو الرٹ رہتے ہوئے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔
ترجمان پولیس کے مطابق ایس پی سٹی نے نولکھا پریسبیٹرین چرچ اور مریم بے داغ چرچ نیو انارکلی سمیت اہم عبادت گاہوں پر تعینات نفری کو چیک کیا۔ دورے کے دوران داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل اور دیگر حفاظتی اقدامات کا بھی معائنہ کیا گیا۔
اس موقع پر متعلقہ سرکل افسران اور ایس ایچ اوز نے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ایس پی سٹی عاطف امیر نے کہا کہ عبادت کے لیے آنے والے تمام افراد کی مکمل چیکنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ گرجا گھروں کے اطراف پارکنگ مناسب فاصلے پر قائم کی گئی ہے جبکہ مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔
ایس پی سٹی نے سکیورٹی اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ ہر وقت چوکس رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گرجا گھروں کے گرد و نواح اور دیگر اہم مقامات پر موثر پٹرولنگ جاری ہے۔
عاطف امیر نے مزید کہا کہ شہر بھر کے تمام گرجا گھروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔