عابد چودھری: کوٹ لکھپت پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے راہگیر خواتین سے پرس اور موبائل فون چھیننے میں ملوث گروہ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو ضلع قصور سے ٹریس کرکے حراست میں لیا گیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق ایس ایچ او کوٹ لکھپت نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے دو اہم ملزمان عاصم اور ناصر کو گرفتار کیا۔ ملزمان مختلف علاقوں میں راہگیر خواتین کو نشانہ بناتے اور ان سے پرس اور موبائل فون چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو ایک خاتون کا پرس چھین کر فرار ہوتے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے عید کے روز ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں بھی ایک خاتون سے پرس چھیننے کی واردات کی تھی۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق گرفتار ملزمان اب تک درجن سے زائد خواتین سے پرس اور موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چھینے گئے چار موبائل فون، نقد رقم اور ایک پستول بھی برآمد کر لیا ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزمان عاصم اور ناصر چوری، ڈکیتی اور سنیچنگ کی متعدد وارداتوں میں پہلے سے ریکارڈ یافتہ ہیں۔ پولیس ملزمان سے مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور مزید وارداتوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔
ایس پی اسد علی نے بتایا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں سکیورٹی اور پٹرولنگ کے اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔