ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام، پنجاب پولیس ہائی الرٹ

صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام، پنجاب پولیس ہائی الرٹ
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی ساہی:صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں منعقد ہونے والے مسیحی عباداتی اور دعائیہ پروگراموں کے پیش نظر پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز اور سینئر پولیس افسران کو گرجا گھروں کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ سپروائزری افسران گرجا گھروں، اہم اور حساس مقامات کے سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں اور تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے جبکہ سنائپرز بھی تعینات کیے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

عبدالکریم نے مزید ہدایت کی کہ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں اور ان کے اطراف میں مؤثر گشت جاری رکھیں۔ انہوں نے تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کو انتہائی چوکس رہنے اور شرپسند عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کا بھی حکم دیا۔

آئی جی پنجاب کے مطابق گرجا گھروں اور مسیحی آبادیوں کے اطراف سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھے جائیں گے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے اور شہری خود کو محفوظ محسوس کریں۔

انہوں نے علما کرام، مسیحی برادری اور امن کمیٹیوں کے ارکان پر زور دیا کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ عباداتی اجتماعات کے دوران سکیورٹی کے جامع انتظامات کیے گئے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔