ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شدید بارشوں سے فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ،ہائی الرٹ جاری

شدید بارشوں سے فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ،ہائی الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے مختلف بالائی اضلاع میں شدید بارشوں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، سوات اور کوہستان اپر کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات، پیشگی تیاریوں اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایات دی گئی ہیں۔ فوری وارننگ سسٹم کو فعال رکھنے اور خطرے سے دوچار علاقوں میں انخلاء کی مشقیں کروانے پر زور دیا گیا ہے۔ محفوظ مقامات پر انخلاء مراکز کو مکمل سہولیات کے ساتھ فعال رکھنے کی تاکید بھی کی گئی ہے۔

مزید برآں، نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو الرٹ رہنے اور دریاؤں و ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ تیز بہاؤ والے پانی میں گاڑیاں بہہ جانے کا خطرہ موجود ہے۔ ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کے عملے کو ہر وقت تیار رہنے جبکہ ضروری مشینری اور آلات پہلے سے تعینات کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

سیاحوں اور مسافروں کو حساس علاقوں کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔ سڑکوں کی بندش یا نقصان کی صورت میں این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو سے فوری رابطے کی ہدایت دی گئی ہے۔ شدید خطرے کی صورت میں گلیشیائی جھیلوں کے کنٹرولڈ اخراج پر بھی نظر رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔