اورنگزیب: سیالکوٹ کے قریب علاقے پسرور میں بیرون ملک سے وطن واپس آنے والے اوورسیز پاکستانی کے اغوا اور قتل کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر کے مقتول کی لاش جنگل سے برآمد کر لی۔
پولیس کے مطابق مقتول تین روز قبل سمبڑیال ائیرپورٹ پہنچا تھا، جہاں سے مبینہ طور پر اسے اغوا کر لیا گیا۔ ملزمان نے قتل کے بعد لاش پسرور کے علاقے سیہووال کے جنگل میں گڑھا کھود کر دفنا دی۔
مقتول کی ہمشیرہ اقراء بی بی نے بتایا کہ ان کا بھائی ائیرپورٹ پہنچنے کے بعد آخری بار رابطے میں تھا، تاہم ٹریفک کی وجہ سے وہ کچھ دیر سے پہنچے، جس کے بعد اس کا موبائل فون بند ہو گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کے اغوا کا مقدمہ تھانہ ائیرپورٹ سمبڑیال میں اس کی ہمشیرہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ تفتیش کے دوران سمبڑیال ائیرپورٹ کے سی سی ٹی وی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک ملزم کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزم کی نشاندہی پر تھانہ ائیرپورٹ اور تھانہ پھلورہ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سیہووال کے جنگل سے گڑھے میں دفن مقتول کی لاش برآمد کر لی، جسے قانونی کارروائی کے لیے تھانہ پھلورہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔