سٹی 42: شہدادکوٹ میں تیز رفتار وین اور کار کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو معصوم بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 10 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 28 سالہ نقیب اللہ، 4 سالہ بلال احمد اور 3 سالہ رحمان شامل ہیں۔ زخمیوں میں فردوس، فقیر محمد، ناز جان، علیشبہ، عبدالخالق، امیراں، جیجل اور دیگر افراد شامل ہیں، جبکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حادثے کے بعد جاں بحق افراد اور زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال شہدادکوٹ منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی وارڈ میں شدید رش اور افراتفری کی صورتحال دیکھی گئی۔
دوسری جانب سماجی رہنما احمد نواز برہی نے الزام عائد کیا ہے کہ ریسکیو 1122 کی مبینہ تاخیر کے باعث زخمیوں کو بروقت امداد نہیں مل سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے وقت انسانیت تکلیف میں تھی، لیکن ریسکیو ادارے کی جانب سے مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔ انہوں نے زخمیوں کو فوری اور بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
پولیس کے مطابق قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد جاں بحق افراد کی میتیں ورثا کے حوالے کر دی جائیں گی۔ حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے اور شہریوں نے بہتر ریسکیو سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔