ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

گوجرانوالہ: ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، 28 ملزمان گرفتار

گوجرانوالہ: ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، 28 ملزمان گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

زاہد اقبال رانا: ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی اسمگلنگ، مالیاتی فراڈ، کرپشن، پاسپورٹ ایجنٹ مافیا اور کاپی رائٹ قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث عناصر کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 28 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد میں پانچ اشتہاری انسانی اسمگلر بھی شامل ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں 16 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ ملزمان شہریوں کو اٹلی، اسپین، یونان، قطر، ملائیشیا، کینیڈا، سعودی عرب، امریکہ اور دیگر ممالک میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم وصول کرتے رہے۔

ایف آئی اے گجرات سرکل نے انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے سرگرم رکن اور اشتہاری ملزم اکبر علی کو بھی گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق ملزم متعدد مقدمات میں مطلوب تھا اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہریوں کو لیبیا کے راستے اٹلی اور اسپین بھجوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورتا رہا۔

تحقیقات کے مطابق ملزم نے متاثرین کو لیبیا میں غیر قانونی طور پر قید رکھا اور بعد ازاں کشتی کے ذریعے یورپ روانہ کیا، جہاں 2 اپریل 2026 کو پیش آنے والے کشتی حادثے میں تین پاکستانی جاں بحق ہوگئے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ بعض انسانی اسمگلروں نے شہریوں کو ترکی سے یونان منتقل کرنے کا جھانسہ دے کر اغوا کیا، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور اہل خانہ سے تاوان بھی طلب کیا۔ مختلف مقدمات میں گرفتار انسانی اسمگلروں پر متاثرین سے مجموعی طور پر 3 کروڑ 17 لاکھ 76 ہزار روپے وصول کرنے کا الزام ہے۔

علاوہ ازیں ایف آئی اے نے مالیاتی اور بینک فراڈ کے مقدمات میں تین ملزمان کو گرفتار کیا، جبکہ گیپکو کے ایک اہلکار کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ کاپی رائٹ قوانین کی خلاف ورزی پر دو افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ پاسپورٹ آفس حافظ آباد کے باہر شہریوں سے غیر قانونی رقوم وصول کرنے والے چھ پاسپورٹ ایجنٹس کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

کارروائیوں کے دوران ایف آئی اے گوجرانوالہ سرکل نے 15، گجرات سرکل نے 6 اور سیالکوٹ سرکل نے 7 ملزمان کو گرفتار کیا، جبکہ تمام ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔