وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا اہم بیان سامنے آگیا

Miftah Ismail
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک کو دیوالیہ کرنے کے قریب چھوڑ گئی، اسے بچانے کے لیے ہم سب کو ٹیکس دینا ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ روپے پر جلد دباؤ ختم ہوجائے گا اور چیزیں آسان ہوجائیں گی، تین ماہ میں ایسی کوئی کام نہیں کیا جس سے روپے کی قدر میں کمی آئے، درآمدات میں کمی کے باعث روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے، اس ماہ 5 ملین ڈالر کی درآمدات ہوئیں درآمدات میں یہ کمی خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کو ڈیفالٹ کرکے چھوڑ گئے تھے لیکن ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، عمران خان پوچھتے ہیں ذمہ دار کون ہے؟ ذمہ دار آپ ہیں، ماضی کی حکومت کی پالیسیوں کے باعث تجارتی خسارے میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں ٹیکس کلیکشن میں کمی آئی، خان صاحب نے آئی ایم ایف سے وعدہ کرکے توڑا تو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ گیا، ہم نے مشکل بجٹ دیا کیونکہ عمران خان ملک اس صورتحال میں چھوڑ کر گئے، اس ماہ کی بجلی کے بل میں اپریل کی فیول ایڈجسٹمنٹ آئی تو اس میں ہمارا کیا قصور؟ گردشی قرضہ آپ نے 1400 ارب بڑھا دیا، ہر شعبے کی تنزلی کے ذمہ دار آپ ہیں، آپ نے ایک پیسے کا بھی ٹرانسمیشن نقصان کم نہیں کیا، ایک پیسے کا ریفارم نہیں کیا اور ایک پیسے کا کام نہیں کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار عمران خان ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی وجہ عمران خان کی پالیسیاں تھیں، عمران خان نے نقصان پر پیٹرول اور ڈیزل پر سبسڈی دی، عمران خان نے کم قیمت پر پیٹرول بیچ کر سری لنکا جیسی حرکت کی، بجلی اور گیس سستی کر کے آپ نے ہمیں ٹریپ کیا۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان نے پونے چار سال میں 80 فیصد قرض بڑھایا، عمران خان نے دوستوں کا ایمنسٹی دی اور یوٹرن لے کر ااپنے لوگوں کو سبسڈی دی جب کہ ہم نے ملک دیوالیہ ہونے سے بچایا، ملک خوشحالی کی طرف گامزن ہے، بجلی کے شعبے میں سرکولر ڈیٹ 2500 ارب کر دیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ اس ملک کی خاطر ہماری جان بھی قربان ہے، اسے بچانے کے لیے ہم سب کو ٹیکس دینا پڑے گا، میں نے شہباز شریف کے بچوں اور اپنی فیکٹریوں پر بھی ٹیکس لگایا۔انہوں نے کہا کہ میری ترجیح مہنگائی کنٹرول کرنا نہیں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا رہی ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کو پیسے دیے تاکہ وہ آٹا 40 چینی 70 اور گھی 300 روپے میں فروخت کریں.