(شاہین عتیق) احتساب عدالت نے کرپشن کیس میں گرفتار سابق صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان اور دیگر شریک ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 اگست تک توسیع کر دی۔
احتساب عدالت میں جج امیر محمد خان کے روبرو کرپشن کیس میں نیب نے سابق صوبائی وزیر سبطین خان اور دیگر تین ملزمان عبدالستار، محمد اسلم اور امتیاز احمد کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا، عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کا جوڈیشل ریمانڈ ختم ہوچکا ہے، ان کے ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔
عدالتی استفسار پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ریفرنس تیاری کے آخری مرحلے میں ہے، جس پر عدالت نے 9 اگست تک کارروائی ملتوی کر دی۔
جج امیر محمد خان نے سبطین خان اور دیگر ملزمان کی درخواست پر نیب کو ان کے موبائل، شناختی کارڈ اور رقم واپس کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ نیب کو جلد ریفرنس پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔