سٹی 42: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی شہدا کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے کوئٹہ پہنچ گئے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی بھی اُن کے ہمراہ تھے ۔محسن نقوی نے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے دہشتگردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی،شہداءکی ناقابلِ فراموش قربانیوں پر پوری قوم ان کو سلام پیش کرتی ہے۔
بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث دہشتگردوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
شہداء کی نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سمیت کور کمانڈر بلوچستان ، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور آئی جی پولیس بلوچستان سمیت اعلیٰ حکام شریک ہوئے ۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ ملک کی سلامتی کے لئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ آج ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مستعدی اور کامیابی سے ان حملوں کو ناکام بنایا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائیاں ہمارے عزم کو توڑ نہیں سکتی، بلکہ قوم کو مزید مضبوط بناتی ہے، دہشت گرد عناصر ریاست کی طاقت اور عوام کے عزم کے سامنے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
قبل ازیں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ آمدکے موقع پر امن و امان کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی رابطے کیے۔محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پولیس لائن میں شہداء کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی، اس موقع پر میر سرفراز بگٹی آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی، ہمارے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کا جرات اور عزم کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ریاست ہمیشہ مظلوم کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور کھڑی رہے گی۔شہداء رسول اللہ ﷺ کے ساتھ اٹھیں گے، یہ عظیم قربانی ہے۔ہمارے شہداء نے بہت بڑی قربانی دی، بلوچستان کے عوام ان کے خون کے مقروض ہیں۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا میرا شہداء کے لواحقین سے وعدہ ہے کہ خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔شہداء کے ورثاء حوصلہ اور صبر کا دامن مضبوطی سے تھامے رکھیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز نہایت بہادر اور باہمت ہیں۔ہمارے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائی کی۔شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، پوری قوم ان کو سلام پیش کرتی ہے۔