وقاص عظیم : شیل کمپنی نے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں 10 کروڑ ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ سے شیل کمپنی کے وفد نے اہم ملاقات کی، جس میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری تعاون سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شیل کمپنی کے نمائندوں نے بتایا کہ آئندہ چار سال کے دوران پاکستان میں فیول پمپس کی تعداد ایک ہزار سے زائد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ اس وقت ملک بھر میں شیل کے تقریباً 650 فیول پمپس فعال ہیں۔ کمپنی نے پاکستان میں اپنے نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے ملاقات کے دوران کہا کہ خیبرپختونخوا میں شیل کمپنی کے سرمایہ کاری منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے اور کمپنی کی جانب سے اسٹوریج سائٹس قائم کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرمایہ کاری بورڈ کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
قیصر احمد شیخ نے مزید کہا کہ بی ایف سی سنگل ونڈو آپریشن کے ذریعے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے سرمایہ کاری اور کاروبار میں آسانی کو فروغ مل رہا ہے۔ شیل کمپنی کے وفد نے سرمایہ کاری بورڈ کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے عزم کا اعادہ کیا۔