طاہر جمیل:لاہور میں بسنت کے انعقاد کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ای بز پورٹل پر پتنگ مینوفیکچررز، سیلرز، ٹریڈرز اور کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق ای بز پورٹل پر اب تک مجموعی طور پر 158 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان درخواستوں میں سے 47 درخواستیں ڈی سی آفس لاہور کو موصول ہوئیں، جن میں ایک درخواست کی ویریفکیشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ 46 درخواستوں کی فیلڈ ویریفکیشن کا عمل جاری ہے۔ تاحال کسی بھی کائٹ مینوفیکچرر کو باقاعدہ منظوری نہیں دی گئی۔
کائٹ سیلرز کی رجسٹریشن کے لیے 86 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 9 کائٹ سیلرز کی فیلڈ ویریفکیشن مکمل کر لی گئی ہے جبکہ 77 درخواستوں کی جانچ پڑتال جاری ہے۔ اسی طرح کائٹ فلائنگ ٹریڈرز کی رجسٹریشن کے لیے اب تک 22 درخواستیں موصول ہوئیں، جن کی فیلڈ ویریفکیشن کا عمل جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن کے لیے 3 درخواستیں موصول ہوئیں، جن کی ویریفکیشن تاحال مکمل نہیں ہو سکی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فی الحال کسی بھی مینوفیکچرر، سیلر، ٹریڈر یا ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن کو حتمی منظوری نہیں دی گئی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق رجسٹریشن اور ویریفکیشن کا یہ عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا جا رہا ہے، تاکہ بسنت کے دوران کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو روکا جا سکے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ بسنت سے متعلق تمام فیصلے ویریفکیشن مکمل ہونے کے بعد ہی کیے جائیں گے۔