عابد چوہدری: سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے نیو ایئر نائٹ کے موقع پر ٹریفک کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے ہیں ,سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کی ہدایات پر شہر بھر میں زونل اور ڈویژنل افسران کی زیر نگرانی 20 ڈی ایس پیز اور 1400 سے زائد انسپکٹرز اور ٹریفک وارڈنز تعینات کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق نیو ایئر نائٹ کے دوران آزادی فلائی اوور، لبرٹی چوک، ڈیفنس مین بلیوارڈ، مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ سمیت اہم شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ ٹریفک رسپانس یونٹ کو رانگ پارکنگ کے خاتمے کے لیے ہر وقت الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
سی ٹی او لاہور نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ سڑکیں بلاک کرکے ہلڑبازی کرنے والوں، خطرناک انداز میں ڈرائیونگ، ڈرفٹنگ، ون ویلنگ اور سٹنٹ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور مقدمات درج ہوں گے۔ روڈ بلاک کرنے والوں کی نشاندہی اور کارروائی کے لیے سیف سٹی کیمروں سے بھی مدد لی جائے گی۔
ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا ہے کہ ٹریفک کے بہترین انتظامات کے لیے دفتری عملے کو بھی سڑکوں پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ نیو ایئر نائٹ پر اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں، کم عمر ڈرائیورز کی موٹر سائیکلیں فوری طور پر بند کروائی جائیں گی تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔