سٹی42:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ سکیم کے پہلے مرحلے کے مکمل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ اس مرحلے کے تحت مجموعی طور پر 4238 افراد کو 16 ارب 31 کروڑ روپے کے بلا سود قرضے فراہم کیے گئے، جبکہ صرف چھ ماہ میں چھوٹے اور درمیانے کاروباری افراد کو 70 ارب روپے کے بلا سود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔
آسان کاروبار کارڈ اور فنانس سکیم کے ذریعے اب تک 108371 کاروباری افراد کو مالی معاونت فراہم کی گئی ہے، جس میں 203 خواتین انٹرپرینیورز کو کاروبار کے لیے 1 ارب 82 کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔ ایگریکلچر سیکٹر کو 403 ارب، ٹریڈ سیکٹر کو 33.8 ارب، ٹرانسپورٹ سیکٹر کو 4.27 ارب، اور مینوفیکچرنگ و دیگر سیکٹرز کو 6.3 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔
سکیم کے دوسرے مرحلے کے تحت مزید 90 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر آسان کاروبار میں سہولت اور معاشی فروغ کے لیے چار خصوصی سکیمیں بھی شروع کی گئی ہیں، جن میں شمالی، وسطی اور جنوبی پنجاب کے لیے علیحدہ سکیمیں شامل ہیں۔
مزید برآں، آسان کاروبار کے تحت ایکسپورٹ فنانس برائے ایس ایم ایز کے لیے 5 کروڑ روپے تک بلا سود قرضے دیے جائیں گے، جبکہ آسان کاروبار کارڈ سکیم کے تحت اب تک 104131 کارڈز جاری کیے جا چکے ہیں اور 44 ارب روپے کے قرض فراہم کیے جا چکے ہیں۔