عرفان ملک: لاہور پولیس نے نیو ائیر نائٹ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ خصوصی پولیس ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں اور کسی بھی قسم کی قانون شکنی پر فوری اور سخت کارروائی کی جائے گی۔
سی سی پی او نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور ریسنگ کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ون ویلنگ، بائیکس کی آلٹریشن اور ہلڑ بازی سے اجتناب کریں، کیونکہ قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور موٹر سائیکل ریسنگ کی روک تھام کے لیے شہر بھر میں ناکے لگائے جائیں گے، جبکہ نیو ائیر نائٹ پر امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ (پی آر یو) اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں شہر بھر میں گشت کریں گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ اس کے علاوہ سی سی پی او نے موٹر سائیکلوں کی غیر قانونی آلٹریشن کرنے والے مکینیکس کے خلاف بھی سخت کارروائی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
سی سی پی او لاہور نے مزید ہدایت کی کہ منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اقدامات کو یقینی بنایا جائے، جبکہ نیو ائیر کے موقع پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔
لاہور پولیس کے مطابق شہریوں کے تحفظ اور شہر امن و امان کی فضا قائم رکھنا اولین ترجیح ہے، اور نیو ائیر نائٹ پر کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔