ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 بالائی علاقوں میں بارش کا امکان، نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ

 بالائی علاقوں میں بارش کا امکان، نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔موسلادھار بارش کے باعث دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔مردان، صوابی، پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور گجرات کے نشیبی علاقوں میں بھی موسلادھار بارش کے باعث پانی جمع ہونے اور زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، پنجاب میں مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک، نارووال، سیالکوٹ، لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات میں بھی بارش متوقع ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں بعض مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی۔ راولپنڈی کے نیو کٹاریاں میں 45، چکلالہ ایئرپورٹ پر 38، اسلام آباد کے گولڑہ میں 25 اور گجرات میں 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین اور نوکنڈی میں 43 جبکہ دادو میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔