جنید ریاض: محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے کے تمام سرکاری سکولوں میں صفائی ستھرائی اور بنیادی سہولیات کی بہتری یقینی بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے سکولوں میں درختوں کی تراش خراش، گھاس کی کٹائی اور چھتوں کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پانی کی ٹینکیوں اور واش رومز کی صفائی کے ساتھ حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا گیا ہے۔
سکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ سکولوں میں موجود کچرا فوری طور پر اٹھایا جائے جبکہ عمارتوں، دروازوں اور کھڑکیوں کی معمولی نوعیت کی مرمت بھی جلد مکمل کی جائے۔
محکمہ تعلیم نے سکولوں میں لائف سکلز اور شہری شعور کا ماڈیول مقررہ ٹائم لائن کے مطابق نافذ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر سکول میں ہفتہ وار کم از کم تین سپورٹس پیریڈز مختص کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ سکولوں میں سپورٹس کمیٹیاں تشکیل دے کر کھیلوں کی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم نے سرکاری سکولوں میں جاری تعمیراتی کاموں کو معیار، رفتار اور حفاظتی اصولوں کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اضافی کلاس رومز، سہولیات کی کمی اور خطرناک عمارتوں سے متعلق جاری کام جلد مکمل کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
تعمیراتی کام کے دوران تمام سیفٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے اور معیار یا حفاظتی خدشات کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم نے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو جاری احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔