سٹی42: بھارت کے کرکٹ بورڈ کے کرتا دھرتا ایشیا کپ کی ٹرافی لینے کے لئے منت سماجت پر اتر آئے۔ محسن نقوی کی سربراہی میں ایشئین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا محسن نقوی کی منت سماجت کرتے نظر آئے۔ محسن نقوی نے ٹرافی خاموشی سے بھارت بھیج دینے سے صاف انکار کر دیا اور کہا کہ تقریب منعقد ہو گی، اس میں ٹرافی وہی دیں گے، جسے ٹرافی کی ضرورت ہو وہ آ کر ان سے ہی ٹرافی لے گا۔
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اجلاس میں بھارتی نمائندے انڈین کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے ایشا کپ کی ٹرافی مانگی تو کونسل کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ یہ معاملہ اجلاس کے ایجنڈے پر نہیں ہے۔ بعد ازاں بھارتی نمائندہ کی منت سماجت پر اجلاس اور کونسل کے سربراہ محسن نقوی نے اس معاملہ پر بات کرنے کی اجازت دے دی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب سربراہ راجیو شکلا نے ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی دینے کے لئے گڑگڑا کر منت سماجت کی تو اے سی سی کے صدر محسن نقوی نے یاددہانی کرائی کہ اجلاس کے ایجنڈے میں یہ معاملہ شامل نہیں ہے۔
راجیو شکلا کو بتایا گیا کہ ایشیا کپ کے فائنل کے بعد صدر محسن نقوی اسٹیڈیم میں موجود تھے مگر بھارتی کرکٹ ٹیم نے خود ہی ٹرافی لینے سے انکار کیا۔
اجلاس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ اگر بھارت کو ٹرافی چاہیے تو ایشین کرکٹ کونسل کونسل پھر کوئی تقریب منعقد کرے گی، اس تقریب میں مجھ سے ٹرافی وصول کرلے۔
اجلاس کے شرکا نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کے ٹرافی لینے کے لئے تقریب میں نہ آنے، پاکستانی کیپٹن سے ہاتھ نہ ملانے اور میچ کے بعد سیاسی بیانات دینے کی مذمت بھی کی۔
اے سی سی کے صدر محسن نقوی نے کہا کہ سوریا یادیو نے ٹافی دینے کے لئے ہونے والی تقریب میں نہ آ کر تقریب کے پروٹوکول کی وائلیشن کی۔
ذرائع نے بتایا کہ راجیو شکلا آج ایشئین کرکٹ کونسل کے ایگزکٹو بورڈ کے اجلاس میں ٹرافی لینے کے لئے ہی آئے تھے لیکن وہ خالی ہاتھ واپس گئے۔ محسن نقوی نے بتا دیا کہ ٹرافی اگر ملے گی تو دوبارہ تقریب منعقد کر کے ہی ملے گی اور ٹرافی ان کے ہی ہاتھ سے لینا پڑے گی۔ اب بال بھارتی کرکٹ بورڈ اور بھارتی حکومت کی کورٹ میں ہے۔