سٹی42ؒ: پنجاب پولیس ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات میں مصروف ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 34 ہزار 342 افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 37 ہزار 789 چالان کیے گئے، جن کے نتیجے میں 2 کروڑ 60 لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ اس کے علاوہ 703 دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے بھی چالان کیے گئے، جن میں سے کئی گاڑیاں 19 مختلف تھانوں میں بند کی گئیں۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے 127 ڈرائیونگ ٹریننگ اسکولز میں شہریوں کو ڈرائیونگ کی باقاعدہ تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ ٹریفک چالانوں کے نادہندگان سے ریکوری کے لیے مؤثر اور مربوط اقدامات کیے جائیں تاکہ قانون کی مکمل عملداری یقینی بنائی جا سکے۔