عابد چودھری: لاہور پولیس کے بلند و بانگ دعووں کے برعکس رواں برس شہری کروڑوں مالیت کی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں سے محروم ہو گئے, پولیس کی اپنی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت رواں سال گاڑی اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں کار و موٹرسائیکل چور پولیس سے بھی زیادہ متحرک ہو گئے مگرلاہور پولیس چوروں، ڈاکوؤں کو نکیل ڈالنے میں ناکام نظر آرہی ہے، پولیس رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال کی نسبت گاڑی اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
سال دوہزار بیس کے دوران دو سو چھپن گاڑیاں چوری ہونے کی مقدمات درج ہوئے جبکہ سال دوہزار انیس میں دو سو سولہ گاڑیاں چوری ہوئیں، رواں سال کے دوران کار چھیننے کے 10 واقعات رپورٹ ہوئے اورگذشتہ سال گاڑی چھیننے کی آٹھ وارداتیں رپورٹ ہوئی۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں سال موٹر سائیکل چوری کے پانچ ہزار چھتیس واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ گذشتہ سال پانچ ہزار ایک سو پچہتر موٹر سائیکلیں چوری ہوئی تھیں، یہی نہیں بلکہ رواں سال کے دوران 353 موٹر سائیکلیں چھینی گئیں اور گذشتہ سال موٹر سائیکل چھیننے کے تین سو واقعات رونما ہوئے تھے۔
اربوں کا بجٹ کھانے والی لاہور پولیس کے دعووں کے برعکس کارکردگی یہ ہے کہ رواں سال ابتک صرف 20 فیصد گاڑیاں اورگیارہ سو موٹر سائیکلیں برآمد کی جا سکی ہیں، شہر میں بڑھتی وارداتوں سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔