ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انتظامیہ کو ای اسٹامپ سسٹم شروع کرنے میں مدد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد زمینوں کے ریکارڈ کو جدید بنانا اور پراپرٹی کے لین دین کو عوام کے لیے آسان بنانا ہے۔
اسلام آباد میں سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک تقریب کے دوران پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی (PLRA) اور آئی سی ٹی انتظامیہ کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کے تحت اسلام آباد میں جلد ہی ای اسٹامپ پیپر سسٹم متعارف کرایا جائے گا، یہ اقدام چیف کمشنر اور سی ڈی اے چیئرمین محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر کیا گیا۔
معاہدے کے مطابق اسلام آباد میں ای اسٹامپ سسٹم کے ساتھ ساتھ زمینوں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنے کا عمل بھی شروع کیا جائے گا، اس نظام سے پراپرٹی کی خرید و فروخت، منتقلی اور انتقال جیسے کاموں میں عوام کو درپیش مسائل کم ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ای اسٹامپ سسٹم کے ذریعے جعلی اسٹامپ پیپرز کا خاتمہ ممکن ہوگا، جب کہ تمام ٹرانزیکشنز آن لائن اور شفاف انداز میں کی جا سکیں گی۔ اس سے وقت اور اخراجات دونوں میں کمی آئے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ سسٹم کامیابی سے نافذ ہو گیا تو اسلام آباد میں زمینوں سے متعلق ریکارڈ کا نظام پنجاب ماڈل کی طرز پر جدید اور محفوظ بن جائے گا۔