سٹی 42 : لاہور شہر میں عید کے تین روز چوری اور ڈکیتی کی 11بڑی وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں ۔
ڈیفنس سی میں سرکاری ریٹائرڈ ملازم کے گھر سے 1کروڑ گیارہ لاکھ روپے کی چوری ہوئی۔ درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق چور حسام یلماز کے گھر دیواریں پھلانگ کر داخل ہوئے ، گھر کی الماریوں کے تالے توڑ کر گھر سے سونے، ڈائمنڈ کا سیٹ کانٹے ہار اور دیگر قیمتی اشیا چوری کر لی گئی ۔ اسی علاقے میں گھر کی دیکھ بھال کے لیے رکھے ملازمین نے دبئی کی خاتون کے گھر سے چوری کرلی، تینوں ملزمین نے 25لاکھ روپے کی چوری کی ۔ اس کے علاوہ گارڈن ٹائون کے علاقے میں چوروں نے گھر سے 1کروڑ28لاکھ کی واردات کی ، چور تیمور نجم کے گھر طلائی زیورات اور دیگر سامان سامان لے اڑے ۔
جنوبی چھائونی میں شرجیل کے گھر 28لاکھ کی چوری ہوئی، چور اسکی بیوی کے 28لاکھ کے زیورات تالے توڑ کر لے اڑے ۔اس کے علاوہ ل چوہنگ میں بھی چور ملازماؤں کی واردات رپورٹ ہوئی، گھر میں کام کاج کے لیے رکھی ملازمہ پروین نے خالد کے گھر 96لاکھ مالیت کے طلائی زیورات اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ سندر کے علاقے میں کام کے بہانے شہری کے گھر خواتین اور انکے ساتھی داخل ہوئے، گن پوائنٹ پر لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور نقدی لوٹ لی ۔
رائیونڈ میں چور گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی چوری کرکے لے گئے ۔اس کے علاوہ باغبانپورہ ،جنوبی چھائونی ،اچھرہ میں بھی لاکھوں روپے کی وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں ۔
پولیس نے مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان کا سراغ لگا لیا جائے گا۔