وقاص احمد: ڈیفنس بی کے علاقے میں 65 لاکھ روپے مالیت کے زیورات چوری کرنے کے مقدمے میں پولیس نے گھریلو ملازمہ اور اس کے منگیتر کو گرفتار کر کے مسروقہ زیورات برآمد کر لیے۔
ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ راحیلہ اقبال کے مطابق گرفتار ملزمان میں گھریلو ملازمہ اور اس کا منگیتر شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے 65 لاکھ روپے مالیت کے 14 تولے سونے کے زیورات برآمد کر لیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق خاتون ملزمہ مدعی کے گھر میں ملازمت کرتی تھی اور اس نے اپنے منگیتر کے ساتھ مل کر چوری کا منصوبہ بنایا۔ واردات سے قبل ملزمہ نے گھر میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے بند کر دیے اور زیورات چوری کر لیے۔
تحقیقات کے مطابق ملزمہ نے چوری شدہ زیورات اپنے منگیتر کے حوالے کیے جو دیپال پور سے لاہور آیا تھا۔ واردات کے بعد ملزمہ نے شک سے بچنے کیلئے دوبارہ گھر کے کیمرے آن کر دیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جدید تفتیشی طریقوں اور شواہد کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔