عرفان ملک:عیدالاضحیٰ کے دوران حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف لاہور پولیس نے بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 189 افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ مختلف جرائم کے تحت 152 مقدمات درج کیے گئے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق غیر قانونی طور پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر 80 افراد کو گرفتار کرکے 70 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ سری پائے بھوننے کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث 76 افراد گرفتار ہوئے اور ان کے خلاف 55 مقدمات درج کیے گئے۔
پولیس نے عید کے دوران ون ویلنگ کرنے والے 13 افراد کو گرفتار کرکے 7 مقدمات درج کیے، جبکہ پتنگ بازی میں ملوث 12 افراد کو گرفتار کر کے 12 مقدمات قائم کیے گئے۔ ہوائی فائرنگ کے 6 ملزمان گرفتار ہوئے جن کے خلاف 6 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ لاوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر 2 افراد کو گرفتار کر کے 2 مقدمات درج کیے گئے۔
سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس عید کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر الرٹ رہی اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے۔