(وسیم احمد) صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے برازیل میں ہونے والی ورلڈ بیچ ریسلنگ سیریز میں چاندی کا تمغہ جیت کرملک کا نام روشن کرنے پر ریسلر انعام بٹ کو 2 لاکھ روپے کا انعامی چیک دیا۔
نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ ریسلر انعام بٹ پاکستان کا فخر ہیں جنہوں نے عالمی مقابلوں میں سونے کے تمغے جیتے ہیں اور رواں ماہ برازیل میں ہونے والی ورلڈ بیچ ریسلنگ سیریز میں چاندی کا تمغہ جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے، ایسے نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں جن کی حوصلہ افزائی ہماری ذمہ داری ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور پنجاب حکومت کی پالیسی کے مطابق کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں اور ان کو جدید سہولتیں بھی فراہم کی جارہی ہیں۔
ریسلر انعام بٹ نے چیک ملنے پر پنجاب حکومت، سپورٹس بورڈ پنجاب اور صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمورخان بھٹی کا شکریہ ادا کیا ہے، انعام بٹ نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے میری ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے جس سے مجھ میں جیت کا جذبہ مزید بڑھ جاتا ہے، انشاءاللہ پاکستان کے لئے مزید کھیلوں گا، ملک کے لئے مزید میڈلز جیتوں گا اور قومی پرچم دنیا میں بلند کروں گا، میں نے ورلڈ بیچ سیریز کے لئے تیاری شروع کردی ہے