سٹی 42 : وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جاسم المطیری کی ملاقات ہوئی ۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کویت پیٹرولیم کارپوریشن کی جانب سے پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو کویت سے ڈیزل اور جیٹ فیول کی ممکنہ ترسیل کے لیے مکمل سہولت کی یقین دہانی کرائی گئی ۔ کویتی سفیر نے کہا کہ کویت پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ کویت پیٹرولیم کارپوریشن کی جانب سے اس سہولت پر مشکور ہیں۔ عالمی اور علاقائی چیلنجز کے باوجود پاکستان کے لیے کویت کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہیں، گزشتہ 50 برس سے پاکستان کویت سے بالخصوص ڈیزل سمیت پیٹرولیم مصنوعات خرید رہا ہے، جو دونوں ممالک کے مابین اعتماد اور شراکت داری کا مظہر ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف تنازعات کے پُرامن حل میں سہولت کاری کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار پر تہہ دل سے شکرگزار ہیں ۔