سعید احمد: مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث پاکستان بھر میں فلائٹ آپریشن ایک بار پھر متاثر ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف ایئرپورٹس سے اندرون و بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق مختلف ایئرلائنز کی مجموعی طور پر 52 دوطرفہ پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ ان میں پی آئی اے، ایئربلو، ایئر عربیہ، کویت ایئر، ایران ایئر، عراقی ایئر، قطر ایئرویز اور ایمریٹس سمیت دیگر ایئرلائنز کی پروازیں شامل ہیں۔
لاہور ایئرپورٹ پر مشرق وسطیٰ کے لیے فلائٹ آپریشن سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں 18 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
کراچی ایئرپورٹ سے دوحہ، کویت، بحرین، دبئی اور ریاض جانے والی 20 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے بحرین کی 2 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
پشاور ایئرپورٹ پر بھی فلائٹ آپریشن متاثر رہا، جہاں دوحہ، شارجہ، دبئی اور ابو ظہبی کی 10 دوطرفہ پروازیں منسوخ کی گئیں۔
ملتان ایئرپورٹ سے ملتان سے دبئی جانے والی 2 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ سیالکوٹ ایئرپورٹ سے دبئی، دوحہ اور ابو ظہبی کی 6 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
دوسری جانب فیصل آباد ایئرپورٹ سے آج بین الاقوامی پروازوں کا آپریشن معمول کے مطابق جاری رہا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ 30 دنوں کے دوران پاکستان سے منسوخ ہونے والی پروازوں کی مجموعی تعداد 2406 تک پہنچ گئی ہے، جو موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث فضائی آپریشن پر پڑنے والے دباؤ کو ظاہر کرتی ہے۔