ویب ڈیسک:گزشتہ روز میانمار میں ہلاکت خیز زلزلہ آیا اور اس کے جھٹکے چین کے صوبہ یونان میں محسوس کیے گئے، خوفناک زلزلے کی وجہ سے بچے، بڑے، خواتین سبھی سہم گئے، 7.7 کی شدت کے زلزلے نے بلند و بالا عمارتیں زمین بوس کردیں، سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیو گردش کررہی ہیں، اُن میں ایک ویڈیو چین کے ہسپتال کی بھی ہے جہاں نوزائیدہ بچوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔
زلزلے کے وقت کی سی سی ٹی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چین کے صوبہ یونان کے ہسپتال روئیلی کے زچگی سینٹر میں موجود نرسوں نے اپنے جان کی پرواہ کئے بغیر نوزائیدہ بچوں کو بچایا۔
نرسوں نے جلد بازی میں بچوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا اور زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باوجود ان کی دیکھ بھال جاری رکھی، ہسپتال کے عملے نے تمام نومولود بچوں اور ماؤں کو بحفاظت وہاں سے نکالا۔
نرسوں کی اس بہادری کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے اور ہمت کو داد دی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق میانمار اور تھائی لینڈ میں زلزلے سے ہلاکتیں 1644 سے متجاوز کرگئی، گمشدہ افراد کی تلاش جاری ہے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔