سٹی42: دلوں میں جگہ ہو تو سماج بھی جگہ بنا ہی دیتا ہے۔ نوجوان دو لڑکیوں سے محبت کرتا تھا، اس لیے اس نے دونوں سے ایک ہی وقت میں شادی کا فیصلہ کیا، سماج نے نہ چاہتے ہوئے بھی اس ٹرائی سم شادی کو قبول کر لیا، بلکہ قبولیت کی سند دینے کے لئے شادی پر ڈھول بھی بجا دیئے۔
"ظالم سماج" کی یہ ادا بہرحال اپنی جگہ برقرار ہے کہ نامہرباں ہو تو پریمیوں کو ایک بھی نہیں کرنے دیتا لیکن اب یہ بھی حقیقت ہے کہ جب "ظالم سماج" مہرباں ہو تو بیک وقت دو دو کرنے کا بھی برا نہیں مناتا۔
شادی کے منڈپ میں ہمیشہ کے لئے جوڑ دینے والی مقدس آگ کے منڈپ کے گرد دو لڑکیوں کو ایک دولہا کے پلو سے بندھ کر سات پھیرے لگاتے دیکھنا یقیناً دلچسپ منظر تھا، تب ہی تو اس منظر کی ویڈیو ایسی وائرل ہوئی کہ بس۔۔۔

یہ شادی محض کوئی ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کے لئے نہیں رچائی گئی بلکہ یہ محبت کی ٹرائیکا کا ایسا انجام ہے جو شاید و باید ہی ہوتا ہے۔
بھارت میں ریاست تلنگانہ کے ضلع کومرم بھیم آصف آباد میں ہونے والی اس تھری سم شادی نے سب کو حیران کر دیا۔ نوجوان نے ایک ہی وقت اور ایک ہی منڈپ میں دو لڑکیوں سے شادی رچا لی۔

گمنور گاؤں کے رہائشی سوریا دیو کا کہنا ہے کہ وہ لال دیوی اور جھلکاری دیوی دونوں سے محبت کرتا تھا، اور اسی لیے اس نے ایک ہی تقریب میں دونوں سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔
سوریا دیو نے اپنی شادی کے دعوت نامے پر بھی دونوں دلہنوں کے نام چھپوائے اور ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا۔
شادی کی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں دلہنیں دلہے کا ہاتھ پکڑے منڈپ میں آگ کے گرد پھیرے لینے کی رسم ادا کر رہی ہیں، جبکہ ان کے گھر والے، رشتے دار اور گاؤں والے بھی موجود ہیں۔ پس منظر میں ڈھول کی تھاپ بھی سنائی دے رہی ہے۔
سوریا دیو جب لال دیوی اور جھلکاری دیوی دونوں سے محبت کرنے لگا تو تینوں نے ایک ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا۔ گاؤں کے بزرگ پہلے تو ہچکچا رہے تھے، لیکن آخر کار راضی ہوگئے اور انہوں نے ان کی شادی میں مدد کی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں ہندوؤں کےلیے ایک وقت میں ایک سے زیادہ شادیاں کرنا غیر قانونی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ایسا واقعہ پیش آیا ہو۔ 2021 میں بھی، تلنگانہ کے عادل آباد ضلع میں ایک شخص نے ایک ہی ’منڈپ‘ میں دو خواتین سے شادی کی تھی۔ رپورٹس کے مطابق، اتنور منڈل میں ہونے والی یہ تقریب تینوں خاندانوں کی رضامندی سے ہوئی۔ اسی طرح 2022 میں جھارکھنڈ کے لوہردگا میں بھی ایک شخص نے اپنی دونوں محبوباؤں سے شادی کرلی تھی۔
تلنگانہ کے اس عاشق مزاج نے بھی محبت کی ایک نئی داستان رقم کردی ہے!