(حافظ شہباز) پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ کل کھیلا جائے گا، قومی ٹیم کرکٹ میں دو سے تین تبدیلیوں پر غور کیا جارہا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں دوسرے ایک روزہ میچ میں کل مد مقابل آئیں گی،آسٹریلوی ٹیم سیریز اپنے نام کرنے اور پاکستانی شاہین سیریز میں کم بیک کرنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔
گزشتہ روز میزبان پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں نے مکمل آرام کو ترجیح دی جبکہ آسٹریلوی ٹیم کے کھلاڑیوں نے قذافی سٹیڈیم میں اپنے کوچنگ سٹاف کی زیر نگرانی بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، کھلاڑیوں نے پاور ہٹنگ کی پریکٹس کی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 106واں ٹاکرا ہوگا، اس سے قبل کھیلے جانے والے میچز میں آسٹریلیا نے 69 جبکہ پاکستان نے 32 میچز میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچ بے نتیجہ جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا ہے۔
قومی ٹیم انتظامیہ نے سیریز میں کم بیک کرنے کے لیے دوسرے ون ڈے میچ میں سے دو سےتین تبدیلیوں پر غور شروع کر دیا ہے،فاسٹ باولرشاہین آفریدی ، عبداللہ شفیق اور آصف علی کو دوسرے میچ میں موقع دینے پر غور کیا جارہا ہے، میچ سے قبل ہونے والی ٹیم میٹنگ میں ٹیم کو حتمی شکل دی جائے گی۔