( زاہد چودھری ) جناح ہسپتال کی خراب مشینری کی نیلامی ہوئی، ایمرجنسی سے متصل ناکارہ لفٹ چار لاکھ اکاون ہزار روپے میں نیلام، انجیوگرافی مشین اور 11 وینٹی لیٹرز کی مقررہ قیمت سے کم بولی آنے پر نیلامی نہ ہوسکی۔
ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹرعاصم حمید کی سربراہی میں قائم نیلامی کمیٹی نے خراب، ناکارہ مشینری اور طبی آلات کی نیلامی کا عمل مکمل کیا۔ ہسپتال کی ایمرجنسی سے متصل ناکارہ لفٹ کی قیمت ساڑھے چارلاکھ روپے مقررکی گئی تھی جو کہ چار لاکھ اکاون ہزار روپے میں نیلام ہوئی ہے۔ اس کےعلاوہ ناکارہ انجیوگرافی مشین کی مقررہ قیمت دس لاکھ مقرر کی گئی تھی لیکن ساڑھے سات لاکھ روپے کی بولی آنے پر مشین کی نیلامی ملتوی کر دی گئی ہے۔
اسی طرح 11 خراب وینٹی لیٹرز کی قیمت پونے چھ لاکھ روپے رکھی گئی لیکن صرف ڈیڑھ لاکھ روپے کی بولی موصول ہوئی، جس پر ان کی نیلامی بھی موخر کردی گئی ہے۔ ایم ایس جناح ہسپتال کا کہنا ہے کہ انجیوگرافی اور وینٹی لیٹرز کی نیلامی کا عمل دوبارہ ہوگا۔