علی رامے: پنجاب میں کل سے پری مون سون بارشوں کے آغاز کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ 6 جولائی تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش، تیز ہواؤں اور گردوغبار کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری سمیت متعدد شہروں میں بارش متوقع ہے۔ ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر صوبہ بھر کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آسمانی بجلی کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور گرج چمک کے وقت کھلے مقامات یا درختوں کے نیچے ہرگز پناہ نہ لیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گردوغبار اور تیز آندھی کے دوران بھی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کیا جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شمالی علاقہ جات کا سفر کرنے والے سیاحوں کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ روانگی سے قبل موسم کی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔