ملک اشرف : ہڑتالی ڈاکٹروں نے سیکرٹریز ہیلتھ کے خلاف توہین عدالت کاروائی کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ۔عدالت نے پنجاب حکومت ،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تین جولائی کو جواب طلب کرلیا ۔
جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے صدر وائی ڈی اے سمیت دیگر ڈاکٹروں کی درخواست پر سماعت کی۔صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر شعیب نیازی سمیت دیگر ڈاکٹرز عدالت پیش ہوئے ،، درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ہسپتالوں کی نجکاری سمیت دیگر مطالبات کے حق میں پر امن احتجاج کیا ،پر امن احتجاج پر برطرفی کے نوٹس بھجوائے گئے ،ہائیکورٹ نے برطرفی کے نوٹس معطل کردئیے ، برطرفی کے نوٹس معطل ہونے کے باوجود ہسپتال انتظامیہ جوائننگ نہیں لے رہی ، دونوں سیکرٹری ہیلتھ سے بھی رجوع کیا ، دادرس نہیں ہورہی ، درخواست گزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ حکم عدولی پر سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ سمیت دیگر فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔