ویب ڈیسک:معروف بھارتی اداکارہ شفالی جریوالا کی اچانک موت کی خبر نے شوبز انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی، تاہم ان کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ انہیں دل کی کوئی بیماری نہیں تھی اور وہ گزشتہ 5 سے 6 سال سے اینٹی ایجنگ انجیکشن اور ادویات زیر استعمال رکھ رہی تھیں۔
بھارتی پولیس ذرائع نے شفالی جریوالا کی موت کو اینٹی ایجنگ انجیکشن اور خالی پیٹ دوا کو بلڈ پریشر گرنے کی ممکنہ وجہ قرار دے دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ شفالی جریوالا نے 27 جون کو دوپہر میں اینٹی ایجنگ انجیکشن لیا اور شام کے وقت اپنی روزمرہ کی ادویات بھی استعمال کیں تاہم ممکنہ طور پر خالی پیٹ دوا کھانے سے ان کا بلڈ پریشر اچانک بہت نیچے چلا گیا اور انہیں شدید کپکپی ہونے لگی۔
پولیس نے ابتدائی طور پر ان کی موت کو قدرتی قرار دیا ہے اور کوئی فاؤل پلے سامنے نہیں آیا تاہم کوپر اسپتال میں کی جانے والے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کو فی الحال محفوظ رکھا گیا ہے، ان کی موت کی درست وجہ اب تک سامنے نہیں آئی ہے۔
واضح رہے کہ شفالی جریوالا کو 2002ء کے مشہور گانے کانٹا لگا سے شہرت ملی، وہ بگ باس 13 اور نچ بلیے میں بھی جلوہ گر ہوئیں، شفالی کئی سالوں سے مرگی (Epilepsy) کی بیماری میں مبتلا رہیں جس کے باعث وہ زیادہ کام نہ کر سکیں۔