(اسرار خان) جوہر ٹاؤن دھماکے کی تحقیقات میں نیا انکشاف، دھماکے کا مرکزی کردار پیٹر پال ڈیوڈ دبئی میں نائٹ کلب کے کاروبار سے منسلک نکلا، بھارتی خفیہ ایجنسی را کے افسران سے بحرین کے ایک نائٹ کلب میں ملاقات ہوئی۔
انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق جوہر ٹاؤن دھماکے کے مرکزی کردار پیٹر پال ڈیوڈ کو بھارتی ایجنسی را کے افسران بحرین کے ایک نائٹ کلب میں ملے، مذکورہ نائٹ کلب کو دبئی میں چلنے والے بھارتی نائٹ کلب کی پشت پناہی حاصل ہے،پیٹر پال ڈیوڈ بھی دبئی میں نائٹ کلب کے کاروبار سے منسلک تھا، اس کے پاس جسم فروش خواتین کی کثیر تعداد موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق دھماکے سے قبل لاہور کے مقامی ہوٹل میں پیٹر پال ڈیوڈ سے ملنے والی کرن بھی اس کی کاروباری ساتھی ہے،دونوں نے عامر ہوٹل میں قیام کیا تھا، کرن کے بھائی نے ہی پیٹر پال ڈیوڈ کو کرولا گاڑی خریدنے میں مدد کی، پیٹر ڈیوڈ کی ساتھی خاتون اس وقت پولیس کی حراست میں ہے۔
انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی کے بیشتر نائٹ کلبز کے پس پردہ بھارتی ایجنسی را اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لئے جرائم پیشہ عناصر سے رابطے کرتی ہے۔
واضح رہےکہ 23 جون کو لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں زور دار دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے، دھماکے سے قریبی گھروں اور 12 گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا،قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کے تمام ملزمان گرفتار کرلیے، پنجاب حکومت کی جانب سے دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے مالی امداد کا بھی اعلان کیا گیا۔