ویب ڈیسک: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد دوبارہ کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔
کاروباری سرگرمیوں کے دوران امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی اور برطانوی برینٹ کروڈ کی قیمتوں میں ابتدا میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم بعد ازاں دونوں کی قیمتیں نیچے آ گئیں۔
تازہ ترین صورتحال کے مطابق امریکی خام تیل تقریباً 83.45 ڈالر فی بیرل، برطانوی برینٹ کروڈ 89.38 ڈالر فی بیرل جبکہ متحدہ عرب امارات کا مربن آئل 87.70 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
ادھر بعض بین الاقوامی مارکیٹوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے لیے پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا براہِ راست اثر پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتا ہے، کیونکہ ملک میں اب قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ اگر عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافہ برقرار رہا تو پاکستان میں بھی پٹرول اور ڈیزل مزید مہنگے ہونے کا امکان ہے، جبکہ عالمی قیمتوں میں کمی کی صورت میں مقامی سطح پر بھی ریلیف مل سکتا ہے۔ تاہم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ حکومت کرے گی۔