عیسیٰ ترین: کوئٹہ کے علاقے سورنج میں کوئلہ کان میں گیس دھماکے کے بعد 20 سے 25 کان کنوں کے پھنس جانے کی اطلاعات پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل سے ہنگامی رابطہ کیا۔
گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ کان کنوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے ریسکیو آپریشن مزید تیز کیا جائے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان اور گورنر بلوچستان نے وفاقی وزیر کو یقین دہانی کرائی کہ امدادی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری ہیں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کان کنوں کی جانیں بچانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ کان کنوں اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ امدادی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے اور ریسکیو ٹیموں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ پھنسے ہوئے کان کنوں کو جلد از جلد محفوظ باہر نکالا جا سکے۔