سٹی42: راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی میں جرگے کے حکم پر شادی شدہ خاتون سدرہ کے قتل کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے نتیجہ میں پولیس قاتلوں کے گرد گھیرا تنگ کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ اور جرگے کے مقام کا دورہ کرکے شواہد اکٹھے کیے ہیں اور قبرستان میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے پتا چلا کہ 15 افراد لوڈر رکشے میں لاش لے کر قبرستان پہنچے، تدفین کے بعد نلکے سے ہاتھ دھو کر واپس روانہ ہوگئے۔
اس فوٹیج کی مدد سے پولیس نے قاتلوں کی شناخت کا عمل تیز کردیا اور گرفتاریوں کے لیے چھاپے شروع کر دیئے ہیں۔
گرفتار ملزموں نے جرگے میں شریک دیگر افراد کے نام تفتیشی ٹیم کو بتا دیئے ، مزید کئی مرد و خواتین کی گرفتاری کا قوی امکان ہے۔
پولیس نے بتایا کہ مقتولہ کی قبر کھول کر حاصل کئے گئے مواد کے نمونے فرانزک لیب لاہور بھیج دیئے گئے ہیں۔
مقتولہ کے والد عرب گل کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی لاہور فرانزک لیب میں کیا جائے گا۔
پولیس نے لیب سے تمام رپورٹس جلد فراہم کرنے کی درخواست کی ہے جبکہ تفتیشی ٹیم نے ڈی وی آر فوٹیج اور ملزموں کے بیانات کی بنیاد پر اہم شواہد اکٹھے کیے ہیں۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق یہ بھی نام نہاد غیرت کے نام پر قتل کا کیس ہے اور ملزموں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔