ویب ڈیسک : آج روس کے مشرقی ساحل کے قریب 8.8 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا جس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی۔ لیکن اس سے بھی زیادہ شدت کے زلزلے آچکے ہیں
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے علاقے کامچٹکا (KAMCHATKA) کے مشرقی ساحلی علاقے میں شدید نوعیت کا زلزلہ آیا جس کی شدت 8.8 ریکارڈ کی گئی۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز روس کے کامچٹکا جزیرہ نما میں Petropavlovsk شہر کے مشرق میں تقریباً 136 کلومیٹر کے فاصلے پر 19 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔زلزلے کے بعد کامچٹکا کے مختلف حصوں میں 3 سے 4 میٹر اونچی سونامی لہریں ریکارڈ کی گئیں۔
اگرچہ اس زلزلے کی شدت انتہائی غیر معمولی ہے تاہم یہ دنیا کی تاریخ سب سے زیادہ شدت والا زلزلہ نہیں ہے۔
امریکی جیولاجیکل سروے کے مطابق یہ زلزلہ دنیا کی تاریخ کا چھٹا شدید ترین زلزلہ تھا، امریکی جیولاجیکل سروے کے مطابق دنیا کی تاریخ میں اب تک آنے والی 10 شدید ترین زلزلے یہ ہیں:
نمبر 10: بھارت (شدت 8.6)
1950 میں بھارتی ریاست اروناچل پردیش میں آنے والے 8.6 شدت کے اس زلزنے سے مجموعی طور پر 780 ہلاکتیں ہوئیں۔
نمبر 9: امریکا (شدت 8.7)
1965 میں امریکی ریاست الاسکا میں آنے والے 8.7 شدت کے اس زلزلے کے نتیجے میں سونامی آیا جس میں لہریں 35 فٹ تک بلند تھیں۔
نمبر 8: ایکواڈور (شدت 8.8)
1906 میں ایکواڈور میں آن والے 8.8 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں سونامی آیا جس کی لہریں امریکا میں سان فرانسسکو تک پہنچیں، اس زلزلے کے نتیجے میں 1500 افراد ہلاک ہوئے۔
نمبر 7: چلی (شدت 8.8)
2010 میں چلی میں آنے والے 8.8 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 523 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 3 الکھ سے زائد مکانات تباہ ہوئے۔
نمبر 6: روس ( شدت 8.8)
30 جولائی 2025 کو روس کے علاقے کامچٹکا (KAMCHATKA) میں 8.8 شدت کا زلزلہ آیا جس کے بعد کئی ممالک میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی۔
نمبر 5: روس (شدت 9.0)
1950 میں روس کے علاقے کامچٹکا (KAMCHATKA) میں 9.0 شدت کا زلزلہ آیا، یہ دنیا کی تاریخ 9 شدت کا پہلا زلزلہ تھا۔ اس کے نتیجے میں آنے والا سونامی ہوائی سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں 10 لاکھ ڈالر سے زائد کے نقصانات ہوئے۔
نمبر 4: جاپان (شدت 9.1)
2011 میں جاپان میں 9.1 شدت کا زلزلہ آیا جس کے بعد آنے والا سونامی سے 15 ہزار اموات ہوئیں اور ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوئے۔
نمبر 3: انڈونیشیا (شدت 9.1)
2004 میں انڈونیشیا میں آنے والے زلزلے نے سونامی کو جنم دیا جس کے نتیجے میں 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 10 لاکھ سے زائد بے گھر ہوئے۔
نمبر 2: امریکا (شدت 9.2)
1964 میں امریکی ریاست الاسکا میں آنے والے زلزلے اور اس کے بعد آنے والے سونامی سے 130 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 2.3 ارب ڈالر کے نقصانات ہوئے۔
نمبر 1: چلی (شدت 9.5)
1960 میں چلی میں آنے والے 9.5 شدت کے زلزلے کو شدید ترین زلزلہ کہا جاتا ہے جس کے نتیجے میں 1600 سے زائد افراد ہلاک اور 20 لاکھ سے زائد بے گھر ہوئے۔