ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سال 2025 میں محکمہ تعلیم کی کارکردگی بتا دی

وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سال 2025 میں محکمہ تعلیم کی کارکردگی بتا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 جنید ریاض :وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سال 2025 میں محکمہ تعلیم کی مجموعی کارکردگی سے متعلق تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح 2025ء بھی تعلیم کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کا سال رہا،ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے صرف دعوے نہیں کیے بلکہ اصلاحات پر عملدرآمد کر کے نتائج بھی سامنے لائے۔

وزیر تعلیم کے مطابق محکمہ تعلیم میں 2 ملین گھوسٹ انرولمنٹ کا خاتمہ کیا گیا جبکہ 26 ہزار اساتذہ کی ریشنلائزیشن کے ذریعے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو مؤثر انداز میں پورا کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کریکولم ریفارمز پر تاریخی کام کیا گیا، امتحانی نظام میں اصلاحات متعارف کروائی گئیں اور تعلیمی بورڈز کو ای مارکنگ سسٹم پر منتقل کیا گیا، جس سے شفافیت میں اضافہ ہوا،ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن پر خصوصی توجہ دی گئی اور صوبے بھر کے 10 ہزار سکولوں میں ای سی ای رومز قائم کیے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ روزانہ 11 لاکھ طلبہ و طالبات کو نیوٹریشن پروگرام کے تحت غذائیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ بچوں کی صحت اور حاضری میں بہتری لائی جا سکے، سکولوں میں بنیادی سہولیات کی کمی دور کرنے کے لیے ریکارڈ اقدامات کیے گئے، 268 سکولوں کو اپ گریڈ کیا گیا جبکہ اساتذہ کی ہراسمنٹ سے متعلق 37 کیسز پر فیصلے بھی کیے گئے۔

 ان کا کہنا تھا کہ نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کو بھی 10 ہزار لیپ ٹاپ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ جدید تعلیم تک یکساں رسائی ممکن ہو سکے، 450 کالجز میں میرٹ کی بنیاد پر پرنسپلز تعینات کیے گئے جبکہ 29 یونیورسٹیوں میں مستقل وائس چانسلرز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی، تمام ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں سٹیم کلبز قائم ہو چکے ہیں جبکہ سٹیم لیبز کی تعمیر کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ہمارے پاس بتانے کو بہت کچھ ہے کیونکہ ہمارا کام خود بولتا ہے۔ ہم صرف کرنے کے دعوے نہیں کرتے بلکہ کر کے دکھاتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ سال بھی تعلیم کے میدان میں ریکارڈ ترقیاتی اور اصلاحاتی کام جاری رکھا جائے گا۔